لاہور(خصوصی نمائندہ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم قومی اداروں کی نجکاری ہونے دینگے نہ ملازمین کی چھانٹیاں ہونے دینگے ۔پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر مزدوروں کے حقوق کا دفاع کریگی۔گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر پارٹی کی لیبر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مزدور ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں اور کسانوں کیساتھ ملکر اس ملک کو بہتر بنانے کی کوشش کی جبکہ آمروں اور موجودہ حکمرانوں نے مزدور کش پالیسیاں متعارف کرائیں۔ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی طرح بلاول بھٹو بھی مزدوروں کے معاشی اور اقتصادی حقوق کے داعی ہیں۔ اس موقع پر حاجی عزیزالرحمٰن چن، چودھری اسلم گل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔