لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے انرجی ڈرنکس کمپنیز کو اپنی پراڈکٹس پر لفظ انرجی کے استعمال کو ممنوع قرار د یتے ہوئے واضح ہدایات جاری ہیں کہ آئندہ کوئی بھی انرجی ڈرنک کمپنی اپنی پراڈکٹ پر لفظ انرجی استعمال نہیں کرے گا۔لفظ انرجی سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر مغالطہ آمیز اور گمراہ کن ہے جس کی وجہ سے صارفین اس کے نقصانات جانے بغیر فوری انرجی کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ ا تھارٹی نے صوبہ بھرمیں تیار اور فروخت ہونے والے انر جی ڈرنکس کے کیلئے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی سائنٹیفک پینل کی ریسرچ کے مطابق ان ڈرنکس میں کیفین کی بھاری مقدار استعمال کی جاتی ہے جو کہ 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کیلئے انتہائی مضر ہے ۔تمام کمپنیز لیبل پرپنجاب فوڈ اتھارٹی کی وضع کردہ ہدایات اردو انگریزی میں تحریر کرنے کی پابند ہونگی۔ لیبل پر واضح طور پر'' ہائیلی کیفینیٹڈ ڈرنک'' اور ''یہ مشروب 12 سال سے کم عمر بچوں ، حاملہ خواتین کیلئے نہیں'' لاز می تحریر کیا جائے گا ۔ نام نہاد انرجی ڈرنکس کے لیبل پر لفظ حلال لکھنے کے ساتھ''کیفین سے الرجی کی بیماری والے افراد اس مشروب کو استعمال نہ کریں'' بھی لکھا جائے ۔مشروب کی تیاری میں ادویاتی (فاماسیؤٹیکل) اجزاء شامل نہ کیئے جائیں اور کیفین کی مقدار 2 سو یا 12 سو فی ایم جی سے زیادہ شامل نہ ہو۔ عمل درآمد کیلئے تمام کمپنیز کو 8 ماہ کا بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم دیا گیا ہے ۔