غزہ (صباح نیوز) فلسطینی تنظیموں نے کہا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کیخلاف دہشتگردی کا مرتکب ہورہا ہے ،تمام قوتیں قبلہ اول کے دفاع کیلئے اتحاد پیدا کریں۔اسلامی جہاد نے اسرائیل کی ریاستی سرپرستی میں مسجد اقصی کی مسلسل بے حرمتی کے اشتعال انگیز عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قبلہ اول کی بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کے دھاوے آتش فشاں بن کر پھٹ سکتے ہیں۔فلسطینی تنظیم تحریک فتح نے زور دے کر کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ دنیا میں ہر فلسطینی اور مسلمان کے خلاف اسرائیل کی کھلی دہشت گردی اور اعلی درجے کی مذہبی جارحیت ہے ۔عرب لیگ نے خبردار کیا ہے اسرائیلی ریاست ایک منظم اور طے شدہ منصوبے کے تحت فلسطینی قوم کا تشخص ختم کرنے اور فلسطینیوں کی بحیثیت قوم شناخت مٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے 59 سالہ فلسطینی قیدی سمیر ابراہیم محمود ابو نعمہ کی اسرائیلی زندانوں میں اسیری کے 33 سال مکمل ہونے کے بعد 34 ویں سال میں داخل ہوگئی ۔