الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے پولنگ سٹیشنوں پر سامان کی ترسیل کے لئے بک کرائی جانے والی سینکڑوں گاڑیوں کو دوسرے اضلاع کی انتظامیہ نے زبر دستی پکڑ کر بند کر دیا ،بکنگ رسید دکھانے کے باوجود گاڑیاں چھوڑنے سے انکار کر دیا، ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ سمیت متعدد ضلعی افسران کی جانب سے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی انتظامیہ کو فون کے باوجود گاڑیاں چھوڑنے سے انکار کر دیا گیا جس سےآج پولنگ بوتھوں میں سامان کی ترسیل میں انتظامیہ کو شدیدمشکلات کا سامنا ہو گا۔ لاہور ،فیصل آباد ،شیخوپورہ ،راولپنڈی ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو 50فیصد ایڈوانس ادائیگی کر کے گاڑیوں کی بکنگ کروائی جا چکی ہے اور گاڑیوں کی تعداد بمعہ نمبر بھی دئیے جا چکے ہیں ۔گزشتہ روز لاہور ،فیصل آباد ،سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع سے جنوبی پنجاب کو چلنے والی منی و دیگر بڑی ٹرانسپورٹ کو رحیم یار خان ،صادق آباد ،ڈیڑہ غازی خان ،بہاولپور،ملتان ،وہاڑی ،خانیوال کی ضلعی انتظامیہ نے زبر دستی پکڑ کر بند کر لیا ہے تا کہ اس ٹرانسپورٹ کو وہ اپنے اضلاع میں موجود پولنگ سٹیشنوں پر سامان کی ترسیل کے لئے استعمال کر سکیں ،جس پر گزشتہ روز ٹرانسپورٹروں کی جانب سے لاہور میں ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ شاہد حسن کلیانی اور ڈی سی لاہور جبکہ فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ٹرانسپورٹروں نے ضلعی انتظامیہ کو جا کر حالات سے آگاہ کیا ،ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ لاہور کی جانب سے اے سی صادق آباد کو فون پر گاڑیاں چھوڑنے کا کہا اور بتایا کہ یہ گاڑیاں یہاں بک کی گئی ہیں جنہیں ایڈوانس رقم دی جا چکی ہے لیکن انہوں نے گاڑیاں چھوڑنے سے انکار کر دیا ۔ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ شاہد حسن کلیانی نے روزنامہ 92سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوسرے اضلاع کی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے آج صبح تک گاڑیوں کو واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ متبادل گاڑیوں کا بھی بندو بست کیا جا رہا ہے ۔