تہران(92نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز) ایران میں بم دھماکے اور گاڑی پر فائرنگ میں ایٹمی پر وگرام کے بانی محسن فخری زادہ ہلاک ہو گئے ،ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسرائیل ذمہ دار ہے ،یورپی یونین ا پنے دوغلے کردار کو ختم کرکے سائنسدان کے قتل کی مذمت کرے ،عالمی برادری واقعہ کودہشت گردی قرارد ے ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق محسن فخری زادہ کو دماوند میں نشانہ بنایا گیا ،گاڑی میں سوار 6ساتھی مارے گئے ، جوابی فائرنگ میں 4 صہیونی دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے ،ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’دہشت گردوں نے ایک نامور ایرانی سائنسدان کو ہلاک کر دیا ہے ،پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا ہے کہ وہ ایرانی سائنسدان کے قتل کا بدلہ لیں گے جیسے ماضی میں لیتے رہے ہیں،اس بزدلانہ کارروائی سے جس میں اسرائیل کے کردار کے اشارے ہیں، یہ نظر آتا ہے کہ اس کے مرتکب جنگ کے لیے کتنے بیتاب ہیں،اسرائیلی وزیراعظم کے دفترنے محسن فخری کے قتل پر بیان دینے سے انکار کردیا جبکہ امریکی وزارت دفاع نے بھی تبصرے سے انکارکردیا۔ایران کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنس دان کی گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے جواب میں ان کے محافظوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے دوران محسن فخری زادہ گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے ۔