کراچی (سپورٹس رپورٹر) شمسی ٹینس اکیڈمی کے زیر اہتمام پاکستان ٹینس فیڈریشن اور سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کمشنر کراچی ایشین ٹینس فیڈریشن انڈر 14 سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ آج سے کراچی جم خانہ میں شروع ہوگی ۔چیمپئن شپ کے درمیان آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی کی ٹیموں کے مابین پُر امن کراچی نمائشی میچ منگل کو کھیلا جائے گا ۔یہ بات چیمپئن شپ کے منتظم اعلیٰ خالد جمیل شمسی نے کوآرڈینیٹر غلام محمد خان کے ساتھ کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے ایونٹ کے انتظامات کے حوالے سے اُن کے دفتر میں ملاقات میں کہی ۔اس موقع پر انہوں نے چیمپئن شپ کے انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دی ۔خالد جمیل شمسی نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 12نومبر کو پر امن نمائشی میچ میں آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام ،کمشنر کراچی افتخار شالوانی ،ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شرجیل کریم کھرل حصہ لیں گے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد ،اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز فاطمہ بشیر ،کراچی جم خانہ کے صدر فواد سلیم ملک ،بلدیہ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد ارشد نے اب تک بے مثال تعاون کیا ہے ۔اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ دوران چیمپئن شپ کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔امپارئرنگ کا معیار بلند ہوگا اور میڈیا کو بروقت مقابلوں کی معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ کمشنر کراچی نے کراچی جم خانہ ،سول اور فوجی ایڈمنسٹریشن کے چیمپئن شپ میں تعاون پر ان سے اظہار تشکر کیا جبکہ چیمپئن شپ کیلئے بہترین انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز فاطمہ بشیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کو ہدایت کی کہ پر امن کراچی نمائشی میچ کے بے مثال انتظامات کئے جائیں اس موقع پر سمیر شمسی نے ٹینس مقابلوں اور قوانین سے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا ۔