نئی دہلی (صباح نیوز)بھارتی سپریم کورٹ نے قراردیا ہے کہ بابری مسجد کیس ہر صورت 18 اکتوبر تک نمٹایا جائیگا جبکہ تمام فریقین کو 18 اکتوبر تک دلائل مکمل کرنے کیلئے شیڈول جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روزعدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی 18 نومبر کو ریٹائرمنٹ سے قبل فیصلہ نہ سنایا گیا تو پورا کیس التوا کا شکار ہو جائے گا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ایک بار پھر تنازع ثالثی کمیٹی کے ذریعے نمٹانے کی پیش کش کی اور تنازع کے حل کیلئے ثالثی کمیٹی کو مزید وقت دینے کا بھی عندیہ دیا ۔عدالت نے کہا کہ ثالثی کمیٹی فیصلہ محفوظ ہونے تک اپنی رپورٹ دوبارہ پیش کر سکتی ہے ۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں اس کیس کی سماعت 18 اکتوبر سے قبل مکمل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، اس کیلئے ہم ہفتے کو ایک گھنٹہ اضافی سماعت کیلئے بھی تیار ہیں۔