پشاور،بنوں،صوابی ،ڈی آئی خان (خبر نویس ، نیوز رپورٹر ،خبرنگار ،92نیوز رپورٹ ،نمائندگان 92 نیوز، ایجنسیاں) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جے یوآئی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھر آئی ہے اور 17اضلاع کی 58تحصیلوں کے نتائج میں جے یو آئی نے 19نشستیں حاصل کرلی ہیں جبکہ پی ٹی آئی پٹ گئی ، 14نشستیں حاصل کرسکی ،کئی اضلاع سے پی ٹی آئی کا مکمل صفایا ہوچکا جن میں چارسدہ ،خیبر ،مردان ،لکی مروت ،ٹانک ،ہنگو ،ہری پور کے اضلاع شامل ہیں ، 12آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ اے این پی نے تحصیل چیئرمین کی 7نشستیں اپنے نام کرلی ہیں ، ن لیگ نے 3اور پی پی ،جماعت اسلامی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے ،تخفظ اصلاحات پارٹی 2نشستوں پر کامیاب ہوئی ،امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا ،مٹھائیاں تقسیم کیں، سرکاری نتائج کا اعلان 26دسمبر کو کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پشاور کی 7نشستوں میں اے این پی نے ایک نشست حاصل کرلی جبکہ 5 نشستیں جے یو آئی ف نے جیت لی ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے ایک نشست جیت لی ، چارسدہ میں جے یو آئی نے 2 اور ایک نشست پر آزاد امیدوار منتخب ہوگیا ،نوشہرہ میں پی ٹی آئی نے دو اور اے این پی ایک نشست حاصل کرلی ،خیبر میں تخفظ اصلاحات پارٹی نے دو اور ایک نشست آزاد نے حاصل کرلی ، مردان میں جے یو آئی نے تین اور اے این پی نے دو نشستیں حاصل کی ہیں ،صوابی میں پی ٹی آئی ،اے این پی ،جے یو آئی اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک نشست حاصل کرلی ،بنوں میں پی ٹی آئی نے ایک جے یو آئی نے تین نشستیں حاصل کر لیں جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار منتخب ہوگیا ،لکی مروت میں تین نشستیں آزاد نے جیت لی ،ڈی آئی خان میں جماعت اسلامی ،پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست جیت لی جبکہ 2نشستوں پر آزاد امیدوار منتخب ہوئے ،ٹانک میں دونوں نشستیں جے یوآئی نے جیت لی ہیں ،کوہاٹ میں جے یو آئی ،آزاد اور پی ٹی آئی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئے ہیں ، ہنگو کی ایک نشست آزاد اور ایک جے یو آئی نے جیت لی ،بونیر میں پی ٹی آئی نے تین ،اے این پی نے دو اور آز اد نے ایک نشست ،ہری پور میں مسلم لیگ نے 2 اور آزاد نے ایک نشست جیت لی ہے ،مہمند میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے ۔ پشاور سٹی میئر کی نشست پر بھی جے یو آئی کا امیدوار آگے ہے ،جے یو آئی کے زبیر علی کو 12 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہے جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر رہے ۔خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں بڑے بڑے برج الٹ گئے ، گورنر کے پی کے شاہ فرمان کے حلقے بڈھ بیر سے تحریک انصاف کا امیدوار ہار گیا۔وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ اپنی تحصیل چمکنی کے امیدوار کو شکست سے نہ بچا سکے ،ڈپٹی سپیکر محمود جان کے بھائی احتشام خان متھرا بھی ہار گئے ،وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور بھی اپنے امیدواروں کو کامیا بی نہ دلا سکے ،وزیر مملکت علی محمد خان کے آبائی ضلع میں بھی پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے آبائی ضلع لاہور اور ٹو پی پر پی ٹی آئی کو شکست،صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے کزن رزڑ تحصیل سے نشست ہار گئے ،عمر ایوب کی ہر ی پور کی دونوں تحصیلیں بھی ہاتھ سے گئیں، شہر یار آفریدی کے علاقے میں بھی پی ٹی آئی کو شکست ہو گئی،شبلی فراز کے آبائی ضلع میں پی ٹی آئی تین نشستیں ہار گئی ، سٹی میئر کے الیکشن میں مردان میں اے این پی کے حمایت اللہ مایار کامیاب قرار پائے جبکہ جے یوآ ئی کے امانت شاہ حقانی دوسرے نمبر پر رہے ، کوہاٹ میں جے یو آئی کے شیر زمان میئر کا انتخاب جیت گئے ، بنوں میئر کیلئے جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون خان دوسرے نمبر پر ہیں۔اے این پی اپنے گڑھ چارسدہ میں تحصیل کی کوئی بھی سیٹ نہ جیت سکی تاہم حیدر ہوتی اپنے ضلع مردان میں میئر اور ایک تحصیل چیئر مین کی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے ۔تحصیل لکی سے آزاد اُمیدوار پیر خان بادشاہ ،جماعت اسلامی کے اُمیدوار حاجی اختر علی شاہ اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء ملک حیات اللہ خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تمام پولنگ سٹیشنوں کی ری کائونٹنگ کا مطالبہ کر دیا ، بلدیاتی الیکشن میں وہیل چیئر پر انتخابی مہم چلانے والے امیدوار سلیم بھی کامیاب ہوگئے ۔