لاہور (سپورٹس ڈیسک) دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 جون سے شروع ہو گا، جس کے لیے 25 سے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ سے سیریز کھیلنے کے لیے آئندہ ماہ روانہ ہونا ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ اور میزبان انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد پی سی بی کے سی ای او کہہ چکے ہیں کہ قومی ٹیم دورہ کرے گی۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ممکنہ دورے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کے بعد انہوں نے تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ تربیتی کیمپ 7 جون سے شروع ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں 25 سے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹ اور نان سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی شرکت کریں گے ، کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کیمپ کے دوران کسی کھلاڑی کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہو گی، کھلاڑیوں کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انتظامات جاری ہیں، کھلاڑی ایک دوسرے کا سامان استعمال نہیں کرسکیں گے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنے کمروں میں سے تیار ہوکر پریکٹس کیلئے آئیں گے ، ٹریننگ کے دوران ڈریسنگ روم کا استعمال نہیں ہو گا، کیمپ سے قبل ٹرینرز اور کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہونگے ۔