ریاض (نیٹ نیوز)سعودی کابینہ میں ردوبدل، نئے وزرا شامل، نئی وزارتیں تشکیل دے دی گئیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان جاری کر کے متعدد فیصلے کیے ہیں۔گذشتہ روز دارالحکومت ریاض سے جاری ہونے والے شاہی فرمان کے مطابق وزیر سول سروس سلیمان الحمدان اور سرمایہ کاری اتھارٹی کے سربراہ ابراہیم العمر کو سبکدوش کر دیا گیا ہے ۔خادم حرمین شریفین نے وزارت سول سروس کو وزارت محنت وسماجی فروغ میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دونوں وزارتوں کو ضم کرنے کے بعد نئی وزارت کا نام وزارت ہیومن ریسورسز و سماجی فروغ رکھا جائے گا۔ محکمہ سیاحت و قومی ورثے کو وزارت میں تبدیل کر دیا گیا اور نئی وزارت کا نام وزارت سیاحت رکھا جائے گا۔ سپورٹس اتھارٹی کو وزارت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی وزارت کا نام وزارت سپورٹس رکھا جائے گا۔ شہزادہ عبد العزیز بن ترکی بن فیصل آل سعود کو وزیر سپورٹس مقرر کر دیا ۔ ماجد الحقیل کو وزارت بلدیات و دیہی امور کا قلم دان سونپا گیا ہے ۔ وہ اپنے سابقہ فرائض کے ساتھ وزارت بلدیات کا کام بھی کریں گے ۔ وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ کو سبکدوش کر کے ڈاکٹر ماجد القصبی کو وزارت کا قلم دان سونپ دیا ہے۔ محمد بن عبد اللہ العمیل کو کابینہ کے سیکرٹری جنرل کا نائب مقرر کر دیا گیا ہے ۔ انجینئرخالد الفالح کو وزارت سرمایہ کاری جبکہ احمد الخطیب کو وزارت سیاحت کا قلم دان سونپا ہے ۔