لاہور( وقائع نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ اس پر یقین رکھتے ہیں۔بے بنیاد الزامات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں۔پراپیگنڈہ کرنے والوں کا ایجنڈا سیاسی انارکی پھیلانا اور ترقی کو روکنا ہے ۔میں وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں۔ مخالفین کی ہر سازش کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔عثمان بزداراورشیخ رشیداحمد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کوبڑا سرپرائز ملے گااور27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔میر ا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کامیاب او آئی سی کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کو مبارکباد دی۔شیخ رشیداحمد نے کہا اپوزیشن اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھنس چکی ہے اورن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے ۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزرا سمیت 20 سے زائد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اوراپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی شدید مذمت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 27مارچ کا جلسہ پاکستان کی پولیٹکل ہسٹری میں نئی تاریخ رقم کرے گا۔یہ جلسہ اپوزیشن کی منفی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔اپوزیشن انتشار کی سیاست کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے ۔قوم کسی کو بھی افراتفری یا انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں۔ملاقات کرنیو الوں میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، مراد راس، اختر ملک، جہاں زیب کھچی، سردار آصف نکئی، رائے تیمور بھٹی،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سردارمحمد خان لغاری،اورنگزیب کھچی،چوہدری طاہر اقبال،فیض اللہ کموکا، راجہ یاور کمال خان،تیمورلالی،وارث عزیز،واصف مظہرراں، سلیم اختر اوردیگر شامل تھے ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان میں حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔