مکرمی! یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور جیسے جیسے اس مد میں ترقی ہو رہی ہے ہر ادارہ اور ہر کاروبار بھی ڈیجیٹل ہوتا جا رہا ہے ۔ یوں توگزشتہ چند سالوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں آن لائن سہولیات کے استعمال نے زور پکڑا لیکن کرونا وائرس کی وباء کے دنوں میں اس رحجان میں ایک دم بہت اضافہ ہواہے ۔ آن لائن خرید و فروخت ایک آسان طریقہ ہے جس سے آپ اپنا بہت سا قیمتی وقت بچا کر ہر طرح کی سہولیات گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں لیکن اس ضمن میں اہم ترین بات قابل اعتماد اور درست ادارے انتخاب کی ہے۔ عید قربان کی آمد قریب آتے ہی پاکستان میں آن لائن قربانی کا موضوع زیر بحث ہے جس کے حوالے سے میرا ذاتی تجربہ بہت اچھا ہے جس طرح دوسری آن لائن چیزیں خریدنے کیلئے اچھی طرح جانچ پرتال ضروری ہوتی ہے اسی طرح قربانی جیسے اہم فریضے کیلئے بھی اچھے ادارے کا انتخاب کرنا بہت ضروری ہے ۔ لیکن میں نے پہلی دفعہ آج سیچار سال پہلے شوکت خانم ہسپتال کے ساتھ آن لائن قربانی کی تھی اور اس کے بعد سے ہر سال شوکت خانم ہسپتال کی آن لائن قربانی کی سہولت سے ہی استفادہ کرتا ہوں ۔ یہ قربانی کا ایک مکمل پیکج ہے جس میں آپ کو صرف پیسے دینے ہوتے ہیں باقی سارا کام شوکت خانم ہسپتال کے زیرانتظام اسلامی تعلیمات کے عین مطابق سر انجام دیا جاتا ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ قربانی کا گوشت انتہائی اچھی پیکنگ میں غریب اور مستحق لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ جانوروں کی کھالوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی ہسپتال میں زیرِ علاج مستحق کینسر کے مریضوں کے علاج میں صرف کی جاتی ہے ۔ میں یہ سمجھتاہوں کہ اس طرح میں نے قربانی کے تین مقاصد حاصل کرتا ہوں ایک تو مذہبی فریضے کی احسن طریقے سے ادائیگی ہوجاتی ہے دوسرا بنا کسی دقت کے قربانی کا گوشت ضروتمند خاندانوں تک پہنچ جاتا ہے اور اس کی کھال بھی نیک کام میں خرچ ہوتی ہے ۔ بلا شبہ یہ ایک احسن اور قابل بھروسہ نظام ہے جس پر آنکھیں بند کر کے اعتبار کیا جا سکتا ہے اور موجودہ حالات میں اس کا استعمال دانشمندی بھی ہے اور ضرورت بھی۔ (زاہدحسین، لاہور)