لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی بجٹ میں عام آدمی پر نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز مسترد کردی ہیں۔گزشتہ روزریسورس موبلائزیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہدایات دیتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عام آدمی پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔پسے ہوئے طبقہ کی مشکلات کم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔ نئے ٹیکس لگانے کے بجائے عام آدمی کو ریلیف دینے پر فوکس کیا اور امیر طبقہ کیلئے ٹیکس بیس بڑھایا جائے ۔ وسائل میں اضافے کیلئے آؤٹ آف باکس اقدامات تجویز کئے اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت تمام اضلاع کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں، کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کا وڈیو لنک اجلاس ہوا۔صوبہ میں مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت جامع پلان آف ایکشن تیار کر لیا گیا اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے گئے ۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ پرائس کنٹرول انسانیت کی خدمت کا معاملہ ہے ،ہم پہلے اللہ اورپھر عوام کو جوابدہ ہیں، مانیٹرنگ کیلئے خود بھی فیلڈ میں رہونگا،وزرا اورافسر بھی باہر نکلیں۔ تمام ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کئے جائیں۔ اجلاس میں تندور وں پر نان ، روٹی کے نرخ کم کرانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے فیصل آباد کے ہول سیلز ڈیلرز کے دالوں پر منافع نہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کی اور شہید سپاہی حامد علی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی اور انکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔