کراچی،لاہور،پشاور(کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیوز ایجنسیاں) حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک سال کیلئے 1 روپیہ 72پیسے یونٹ اضافہ کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اضافہ کے بعد بجلی کا یونٹ 16 روپے 44پیسے سے بڑھ کر 18 روپے 16 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا جس سے صارفین کے کندھوں پر 90 ارب روپے کا سالانہ بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا اطلاق 3 سو سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر ہوگا۔بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ 2019-20 اور 2020-21 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں کیا گیا،، کے الیکٹرک صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا، 80 فیصد صارفین ماہانہ 300 یونٹ سے زائد استعمال کرتے ہیں۔ادھر کاروباری ہفتہ کے پہلے دن پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی کا رجحان رہا ، مارکیٹ کے سرمایہ میں37ارب75کروڑ30لاکھ54ہزار4روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔63.85فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔منافع بخش شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ انڈیکس 45105پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس ایک موقع پر44553پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ میں تیزی غالب رہی۔ کے ایس ای100انڈیکس میں 172.80پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 44871.70پوائنٹس سے بڑھ کر45044.50پوائنٹس ہو گیا۔دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزیدمہنگا تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں سستا ہو گیا۔پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں25پیسے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید170.50روپے سے بڑھ کر170.75روپے اور قیمت فروخت 170.60روپے سے بڑھ کر170.85روپے پر جا پہنچی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 20پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 171.80روپے سے گھٹ کر171.50روپے اور قیمت فروخت172.20روپے سے گھٹ کر172روپے پر آ گئی۔ ڈالر مہنگا ہونے اور خام مال کی قیمت بڑھنے کے باعث موٹر سائیکلوں اور اس کے سپیئر پارٹس کی قیمتوں میں 10ہزار روپے تک اضافہ کردیا گیا جس کے باعث غریبوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ مختلف کمپنیوں نے موٹر سائیکل کی قیمت میں 4ہزار سے ساڑھے آٹھ ہزار روپے تک اضافہ کردیا۔ 70سی سی کی قیمت 4ہزار روپے اضافہ سے 90ہزار 900روپے ، 125سی سی سیلف سٹارٹ 6500روپے اضافہ کے بعد 1لاکھ 77ہزار ، 125سی سی 5ہزار کے اضافہ سے 1لاکھ ساڑھے 47ہزار، وائی بی آر 125ساڑھے آٹھ ہزار اضافہ سے 2لاکھ 13ہزار500 ، وائی بی 125زیڈ کی قیمت 1لاکھ 84ہزار روپے ہو گئی۔موٹر سائیکل کے بریک شوز 90روپے سے 150 ، چمٹا 950روپے سے 1200 روپے کا ہوگیا، انڈیکیٹر کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ کردیاگیا۔ موٹر سائیکل کا ایک ٹائر 1800 ، دوسری کیٹگری کا 1600روپے کا ہوگیا ۔ بیٹری کی قیمت 700روپے تک پہنچ گئی۔پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں300روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ14ہزار200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت257روپے کی کمی سے 97ہزار908روپے ہو گئی ۔