اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ 92نیوزرپورٹ) حکومت کے اتحادیوں سے رابطوں میں تیزی آگئی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی اور وزیراعظم کی جانب سے اہم پیغام پہنچایا۔ فروغ نسیم ، امین الحق،جاوید حنیف، صادق افتخار ملاقات میں موجودتھے ۔بعد ازاں اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاایم کیوایم وفدنے واضح طورپرکہاپی پی کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا، پیپلزپارٹی غلط بیانی کررہی ہے ۔ایم کیوایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کو اپنے مطالبات کی یادداشت پیش کردی ،ہمار ا پیپلزپارٹی سندھ حکومت سے کوئی معاہدہ یااتحاد نہیں ہوا،سندھ حکومت میں جانے کابھی کوئی ارادہ نہیں،ضروری سمجھاتواپوزیشن کاکرداراداکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہمارے بہت سے مسائل کو سنا اور سمجھا ،اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھے ہیں۔وزیراعظم عمران خان اورایم کیوایم رہنمائوں کے درمیان ملاقات کا بھی امکان پیدا ہوگیا ،خالد مقبول صدیقی،عامرخان،وسیم اختراورخواجہ اظہارآج اسلام آبادروانہ ہونگے ۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے چودھری پرویزالٰہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ راطے میں ملاقات کا وقت طے ہوگیا۔شاہ محمود قریشی ،پرویز خٹک آج لاہورمیں پرویزالہٰی سے دوپہر دوبجے ملاقات کریں گے ۔