اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام اس سازش کو مسترد کر دیں گے ، جلسے کرنا تمام جماعتوں کا حق ہے ، تمام چوروں کو چیلنج ہے وہ اکٹھے ہو کر جلسہ کر کے دکھائیں ۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف گامزن ہے ، گلگت بلتستان سے 20 کلو میٹر لمبی ریلی اسلام آباد پہنچ رہی ہے ، خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان سمیت پورا ملک تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہے ، انشاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا،دس لاکھ سے زائد لوگ وزیراعظم کیساتھ اظہار یکجہتی کریں گے اور خراج تحسین پیش کریں گے جنہوں نے ملکی معیشت کو پائوں پر کھڑا کیا اور ملک کو ایک آزاد خارجہ پالیسی دی، فیک نیوز بڑی بدقسمتی ہے ، شہریار آفریدی اور غلام سرور کی بات میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر اسدعمر نے اپنے ٹویٹ میں کہاپریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں محض جلسہ نہیں ہونے جا رہا بلکہ تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے ، 14 اگست آزادی کا دن ہے جبکہ پاکستان کی تاریخ میں 27 مارچ حقیقی آزادی کا دن بنے گا، ’’نکلوپاکستان کی خاطر‘‘۔وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ٹویٹ میں کہا آج اہلیان لاہور ضمیر فروشی کیخلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے ، پریڈ گرائونڈ جلسے میں شرکت کیلئے لاہور میں زبردست ریلی نکالی جائے گی، جو پی ڈی ایم جلسوں کے انعقاد پر جھگڑپڑتی ہے وہ اکٹھی حکومت کیا بنائے گی، کل عوام کا سمندر ان کے تمام خیالی پلاؤ کا بندوبست کر دے گا۔