بہاولپور،لاہور ( نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک، سپورٹس رپورٹر) چور ماڈل ٹائون میں لگے فلائنگ ہارس سابق اولمپیئن سمیع اللہ کے مجسمے کی ہاکی اور گیند لے اڑے ۔ ذرائع کے مطابق بہاولپور انتظامیہ نے شہر میں ہاکی کے کھیل کو پروموٹ کرنے کے لیے ہاکی سٹیڈیم سے تھوڑا پہلے چوک میں سابق پاکستانی ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ کا مجسمہ لگایا تھا ۔ اس مجسمہ سے دو دن پہلے نامعلوم چور گیند اٹھا کر لیا گیا جبکہ گزشتہ رات کو ایک اور شہری مجسمے کے ہاتھ سے ہاکی بھی چرا کر لے گیا۔ شہریوں نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل کامران نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا ۔ تھانہ کینٹ نے شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور اردگرد سے معلومات لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل کامران نے کہا کہ ملزم کو جلد گرفتار کرلیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مجسمہ کو سول سوسائٹی کی مدد سے اس کی اصل حالت میں بحال کردیا گیا۔ دریں اثنا سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے قومی ہیروز ہمارا اثاثہ ہیں انکی عزت و حرمت ہر ایک پر فرض ہے ۔ اہلیان بہاولپور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔