پونے ( سپورٹس ڈیسک) بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 137 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جنوبی افریقن ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈین ایلگر 48 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، امیش یادیو اور روندرا جدیجا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں،بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 254 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ بھارت نے مسلسل 11 ویں ہوم ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔ اتوار کو پونے ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز شروع کو تو ایڈن مارکرم بغیر کوئی رن بنائے ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، 21 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، تھیونس ڈی برائن 8 رنز بناکر امیش یادیو کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے ، کپتان ڈوپلیسی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بناکر ایشون کا شکار بن گئے ، ڈین ایلگر بھی 48 کے انفرادی سکور پر اپنی وکٹ ایشون کو دے کر پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ،یوں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 189 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔