کراچی(نیٹ نیوز) پاکستان کے ایک معمر سول انجینئر نے قرآن و احادیث مبارکہ میں مذکور درختوں اور جھاڑیوں کو اگانے کا اہتمام کیا ہے ، کراچی میں مزار قائد کے قریب واقع جناح اربن فاریسٹ کے ایک حصے میں لگائے گئے باغ کو ملک کا اس نوعیت کا پہلا باغ بھی کہا جا سکتا ہے۔عرب نیوز کے مطابق 80سالہ شوکت عمری نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بیشتر حصہ سعودی عرب میں گزارا اور انہوں نے شارجہ کے اسلامک بوٹانیکل گارڈن سے متاثر ہو کر ایسا باغ لگانے کا ارادہ کیا جس میں وہ تمام درخت، پودے اور جھاڑیاں ہوں جن کا ذکر اسلامی لٹریچر میں موجود ہے ۔باغ میں زیتون، انجیر، انار اور کھجور سمیت 25اقسام کے درخت لگائے جا چکے ہیں۔عمری نے بتایا کہ باغ میں موجود 75فیصد پودے طبی مقاصد کیلئے بھی استعمال ہوتے ہیں، ہم بچوں کو بتانا چاہتے ہیں ان درختوں کی کیا خصوصیات ہیں اور ہمارے پیارے نبی ﷺ نے ان کا ذکر کیسے کیا تھا۔میری تحقیق کے مطابق قرآن میں 22 جبکہ احادیث میں 77پودوں کا ذکر ہے ۔ باغ کو چھ ماہ کے اندر عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔منصوبے کیلئے حکومتی امداد سے متعلق سوال پر عمری نے کہا ہمیں کوئی امداد نہیں ملی، میں نے اور میرے دوستوں نے مل کر سب کام کیا، تاہم مزار قائد کی انتظامیہ نے ہماری مددکی۔