لاہور(جنرل رپورٹر) پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب کے دفتر میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیاگیا۔ صوبائی ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز محکمہ صحت ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان نے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تمام ضلعی دفاتر میں بھی کم از کم 10پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ آلودگی سے پاک ماحول اور سرسبز فضاء تپ دق کے مرض پرقابو پانے میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے اور صحت مند ماحول میں ناصرف ٹی بی کا مریض جلد صحت یاب ہوتا ہے بلکہ بہت سے دیگر امراض کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محکمہ صحت پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت حکومتی ویژن کے مطابق پاکستان کو سرسبز بنانے کیلئے جاری شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے رہا ہے اور تمام دفاتر میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔