اسلا م آباد ،لاہور ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے پاکستان میں مزید 98 افرادکی جان لے لی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 15124 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.7فیصدہوگئی۔کوروناکے 5329نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد705517ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد66994ہو گئی،3942مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل623399صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2990نئے کیس سامنے آگئے اورمزید62مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد6793ہوگئی ۔لاہورمیں 1575، قصور 33، شیخوپورہ 34، راولپنڈی 232، گوجرانوالہ 75 ، سیالکوٹ 69، گجرات 40، ملتان 87، فیصل آباد 176، ٹوبہ ٹیک سنگھ 50، رحیم یار خان 72 ،سرگودھا 77اوراوکاڑہ میں 14 کیس سامنے آئے ۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کو موصول ایس اوپیز اور اوقات کارکی خلاف ورزی کی شکایت پر کمشنرکے سپیشل سکواڈ نے 2 تھیٹر سیل کر دیئے ۔علاوہ ازیں پابندی کے باوجود ان ڈور ڈائننگ پر لکشمی چوک میں قائم 3 ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے ۔ کمشنر نے کہا کہ کورونا پر عوام کا غیر سنجیدہ رویہ برقرار رہا تو مکمل لاک ڈائون کا آپشن موجود ہے ۔ دریں اثناضلعی انتظامیہ لاہور کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے کاروائیاں جاری ر ہیں ۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ مجموعی طور پر 13 دکانوں و سٹورزاور میرج ہالز کو سیل جبکہ 11 دکانوں کو 1 لاکھ 13 ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے 4 ریسٹورنٹس اور 3 دکانوں کو سیل کرایا ۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار منصور قاضی نے 11 دکانوں و سٹورز کو 1 لاکھ 13 ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے جبکہ 6دکانوں کو سیل کیا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزادہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خود کو قرنطینہ کر لیا ۔رحیم یارخان میں ڈاکٹراشتیاق احمد اور ڈاکٹر نویداکبر،گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول لیاقت پور، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ سمابہ، بابا غریب اور گورنمنٹ گرلز کالج کی کئی طالبات و اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ساہیوال میں کور ونا کے مزید2مریض جاں بحق ہوگئے ۔ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فوکل پرسن ڈاکٹر عثمان نے بتایا کہ گورنمنٹ قیوم ہسپتال کی ایمرجنسی بند کردی گئی ۔ کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے گورنمنٹ قیوم ہسپتال میں اب صرف کورونا مریض داخل ہو سکیں گے ۔کھڈیاں خاص میں گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول نول ہٹھاڑ کی ہیڈ مسٹریس نازیہ انجم نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں29لاکھ8ہزارسے زائد ہو گئیں۔ بھارت میں کورونا سے مزید802اموات اور131802نئے کیس رپورٹ۔نیوزی لینڈ نے بذریعہ بھارت نیوزی لینڈ آنیوالے افراد اور بھارتی شہریوں کے ملک میں داخلے پر11اپریل سے 28 اپریل تک پابندی لگادی۔ ملکی سرحد پر بھارت سے آنیوالے 17 افرادسمیت کورونا کے 23 کیسز مثبت آنے کے بعدنیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں پریس کانفرنس میں بھارت پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا،انکا کہنا تھا کہ بھارتی کورونا نیوزی لینڈ پہنچنے کی وجہ سے پابندی لگا رہے ہیں۔جرمن شہر ہیل کے میئر برنیڈ ویگنڈ کو اپنی باری سے پہلے ہی کورونا ویکسین لگوانے پر معطل کر دیا گیا۔ادھرامریکہ میں کورونا کے باعث ہر ہفتے ساڑھے 7 لاکھ افراد اپنی نوکریوں اور ذرائع آمدن سے محروم ہو رہے ہیں۔