ملتان ( خبر نگار) مفتی عبدالقوی نے کہا ہے انہوں نے عمران خان کی خواہش پر بنی گالا میں ان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے انہیں اپنا مشیر دینی ا موربنا دیا ہے اور ان سمیت ارشد داد اور عمیر شوکت پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو ان تمام حلقوں کا دورہ کرے گی جہاں کچھ ساتھی رنجیدہ ہیں۔عمران خان کی نمائندگی کرتے ہوئے ناراض ساتھیوں سے ملاقات کر کے انہیں منایا جائے گا۔ مفتی عبدالقوی کاکہنا تھا کہ عمران خان سے بنی گالا کے خصوصی کمرے میں آدھا گھنٹہ ملاقات جاری رہی۔ مفتی عبدالقوی نے کہا کہ عمران خان نے انہیں اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں اور کہا کہ آنے والی حکومت کا آپ حصہ ہوں گے ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ذمہ داران کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ۔