اسلام آباد،لاہور (سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس سے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے اہلکاروں کو نکالنے کا حکم د یدیا۔پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے وزیراعظم خود میدان میں آ گئے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اہم ٹاسک سونپ دیا ۔وزیراعظم نے پنجاب حکومت کوپولیس میں کریمنل ریکارڈ والوں کی سکروٹنی کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس میں مکمل سکروٹنی کیلئے 6 ماہ کا وقت مانگ لیا۔وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو یہ بھی ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کی طرح پنجاب پولیس میں بھی کریمنل ریکارڈ رکھنے والوں کی سکروٹنی کی جائے ۔ادھر پنجاب پولیس کیلئے نیا ایس او پی جاری کیا گیا ہے جس میں ریڈ یا آپریشن کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پنجاب کے تمام ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دوران آپریشن کسی بھی انسانی جان کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔مستقبل میں ایسا کوئی بھی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔