نئی دہلی (92 نیوز رپورٹ‘این این آئی) بھارتی فضائیہ کا مگ 29 لڑاکا طیارہ سمندر میں گرکر تباہ ہو گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مگ 29 طیارے کا ایک پائلٹ لاپتہ جبکہ دوسرے کو تلاش کر لیا گیا، بھارتی بحریہ کے مطابق مگ 29 بحیرہ عرب پر حادثے کا شکار ہوا۔واضح رہے کہ رواں سال بھارت کا تیسرا مگ انتیس تباہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال بھی بھارت کے کئی جنگی طیارے تباہ ہوئے ، فروری اور مارچ کے دوران بھارتی ائیرفورس کے مجموعی طور 10 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے جن میں سے 2 کو پاکستانی فضائیہ کے شاہینوں نے مار گرایا تھا۔بھارتی بحریہ کے ترجمان نے جمعہ کوبتایا کہ طیارہ جمعرات کی شام تقریبا 5 بجے گر کر تباہ ہوا جب وہ گووا کے قریب بحیرہ عرب کے اوپر پروازکررہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک پائلٹ کو ڈھونڈ لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لئے ہیلی کاپٹروں اور جنگی جہازوں کے ساتھ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ حادثے کے اسباب کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال میں مگ 29 طیارے کے حادثے کا یہ تیسراواقعہ ہے ۔ اس سے قبل پچھلے سال 16 نومبر اور 23 فروری کو مگ 29 طیارہ گرکرتباہ ہوا تھا۔ بحریہ کا بیڑا 40 مگ 29 جنگی طیاروں پر مشتمل ہے ۔ دو انجن والا مگ۔29 روس میں تیار کیا گیا ہے اور یہ طیارہ بحریہ کے ہنسا بحری اڈے پر تعینات ہیں۔ ان میں سے کچھ طیارے بحریہ کے مال بردار جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ پر بھی تعینات ہیں۔ مگ 29 طیارے نے حال ہی میں امریکہ ، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ اختتام پذیر مالا بار سمندری مشق میں بھی حصہ لیا تھا۔