اسلام آباد،مظفرگڑھ ، میانوالی،موسیٰ خیل ،سرگودھا ، ملتان (سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی میں نمل انسٹی ٹیوٹ میں لیب اور ماڈل پولیس سٹیشن کا افتتاح کردیا۔ماڈل پولیس سٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپولیس اچھا کام کرتی ہے تو ملک کی تقدیر بدل جاتی ہے ۔ماڈل پولیس سٹیشن نئی سوچ ہے ،یہ نیاپاکستان ہے ،امیدہے ماڈل پولیس سٹیشنز پورے پنجاب کیلئے مثال بنیں گے ۔پنجاب پولیس کوکے پی کے پولیس جیسا دیکھنا چاہتا ہوں۔ تھانہ کچہری کی سیاست اور پٹواری کلچر نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔خیبرپختونخوا پولیس کو ہم نے سیاست سے دور کیا،میرٹ لائے ۔ پنجاب پولیس کے تمام مسائل ختم کردیں گے ۔ تحریک انصاف حکومت پنجاب پولیس کیساتھ ہے ۔ہم نے پنجاب کی وہ جدید پولیس فورس بنانی ہے کہ پورا پنجاب پولیس فورس کیساتھ کھڑا ہوگا۔ جھوٹی ایف آئی آرودیگر مسائل تھانہ کچہری کے ہوتے ہیں ۔ جولوگ پولیس کے پاس آتے ہیں وہ مشکل میں ہوتے ہیں، پنجاب پولیس کے مسائل حل کریں گے ،فنڈز بھی جاری کریں گے ۔ ہر قسم کی سہولیات اسلحہ اور جدید گاڑیاں دیں گے ۔ تھانوں کو حقیقی دارالامن بنائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا دہشتگردی کے باعث عوام کا اعتماد پولیس پر سے اٹھ گیا تھا مگر اب یہ بحال ہو رہا ہے ۔تبدیلی کے عمل میں سب سے پہلے سوچ تبدیل ہوتی ہے ۔ ملک بھر میں تبدیلیاں لا رہے ہیں ۔ہم نے پنجاب پولیس کو ماڈل پولیس بنانا ہے ۔ عوام کو پنجاب پولیس میں اب تبدیلی نظر آنی ہی چاہیئے ۔پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کیساتھ پولیس اصلاحات کیلئے مکمل تعاون کریں گے ۔ پولیس سٹیشن آمد پر وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے پولیس سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس اور تھانوں کے نظام میں بہتری کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کے تحت صوبے میں 29 ماڈل پولیس سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ڈی سی میانوالی و دیگر حکام نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے ۔نمل کالج موسیٰ خیل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ دور آئی ٹی کا ہے ۔طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کی بھی ضرور تعلیم حاصل کریں کیونکہ اب موجودہ دور میں کمپیوٹر کے بغیر ترقی ناممکن ہے ۔ ملک بھر کے سکولوں، کالجوں میں مزید کمپیوٹر لیب بنائیں گے ۔سرکاری دفاتر میں مینوئل سسٹم اب ختم ہو چکا ۔نمل کالج سے فارغ آئی ٹی اور دیگر شعبوں کے طلبہ ملک اور بیرون ملک نوکریاں کر رہے ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم نے نمل کالج میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار ، پارلیمانی سیکرٹری بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ملک احمد خان بھچر بھی وزیراعظم کیساتھ تھے ۔وزیر اعظم کی ہدایت پرملتان ، مظفرگڑھ ، راہوالی ،سرگودھا،چکوال، قصورو دیگر شہروں کے 29 تھانوں کوماڈل پولیس سٹیشن قرار دیدیا گیا جن کا افتتاح وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے کیا ۔ ماڈل تھانوں میں ای ٹوکن سسٹم ، ویٹنگ روم ، حوالات کو بائیو میٹرک لاک ، انٹیروگیشن روم اوردیگر جدید سہولیات فراہم کی جائینگی۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سفاک مودی حکومت کے مسلم کش ایجنڈے کے تحت ہندستان میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔بھارتی پولیس اپنی پستی کی حدوں کو چھو رہی اور ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہے ۔انہوں نے اترپردیش میں بھارتی پولیس کے تشدد کی تصاویر بھی شیئر کیں ۔ انہوں نے کہا بھارت میں مودی حکومت نے متنازعہ قانون منظور کیا جس کے تحت مسلمانوں کے سوا دیگر تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی۔ اس قانون کیخلاف ملک بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے ۔ مودی حکومت نے احتجاج کو کچلنے کیلئے سختی سے کام لیا اور سینکڑوں مظاہرین کو قتل اور زخمی کردیا جن میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے ۔