مکرمی !دنیا بھر میں کہیں قحط سالی سے عوام کا جینادوبھر ہو چکا ہے توکہیں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے انسانی زندگی کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ جدید ترقی کے اس دور میں بنی نوعِ انسان آلودہ ہوا میں سانس لینے اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے یہی وجہ ہے کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ایک بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔ دوسری طرف انسان ان چیزوں پر بھی کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو قدرتی ہیں۔ اسی تناظر میں دنیا میں ایسی ٹیکنالوجیز ایجاد کی جا چکی ہیں جو موسم کو اپنی مرضی سے تبدیل کر سکتی ہیں۔ امریکہ اور روس نے وہ ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے جو موسم میں تغیرات لا کر اسے اپنے طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔ چونکہ اب یہ پیش گوئی بھی کی جا رہی ہے کہ تیسری جنگ عظیم ایک موسمی جنگ ہو گی۔ یعنی لوگ قدرتی وسائل سمیت ایک دوسرے کے پانی پر قبضہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوں گے۔اس ضمن میں یہ امر خاصا حوصلہ افزا ہے کہ کپتان کی قیادت میں وزیر اعظم کے مشیر برائے مو سمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بڑی لگن اور محنت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔امید ہے کہ پاکستان اس چیلنج سے کامیابی عہدہ برا ہوگا۔ (حماد اصغر علی)