واشنگٹن،اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک،وقائع نگار خصوصی)وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی تصدیق کر دی جس کے بعد اُن کے دورے سے متعلق شش و پنج کی صورتحال ختم ہو گئی ۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس آنے پر خیر مقدم کرینگے ، عمران خان کے دورے میں پاک امریکہ تعاون کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، پاک امریکہ تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے ۔بیان میںمزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ اور وزیرعظم عمران کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی،دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیاء میں امن اور پاک امریکہ دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ادھر دفترخارجہ نے بیان میںخہا وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے نتیجے میں دونوںممالک کے دیرینہ تعلقات کو مضبوطی اور دوام ملے گا، وزیراعظم امریکی صدر کی دعوت پر 21 سے 23جولائی تک امریکہ کا دورہ کرینگے ، دونوںرہنمائو ںکی جانب سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ دونوںممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطح کا رابطہ ہوگا۔ بیان میںمزید کہا گیا کہ عمران خان اور ٹرمپ کی 22جولائی کو ہونیوالی ملاقات میںباہمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوگی ، وزیراعظم امریکی کانگریس کے ارکان، کارپوریٹ لیڈرز اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرینگے ، امریکہ میں قیام پذیر پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔