سرینگر(نیٹ نیوز )مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 5 اگست کو لگائے گئے کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 70 روز ہو گئے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے اور وادی میں مودی سرکار کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کو 70 روز ہوچکے ہیں۔وادی میں مسلسل 70 ویں روز بھی انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی رابطے منقطع ہیں جبکہ حریت قیادت اور سیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں اور کشمیری بنیادی ضروریات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔کرفیوکے باوجود سرینگر سمیت بڈگام، پلوامہ، گاندربل، شوپیاں، بانڈی پورہ اور بارہ مولہ سمیت کئی علاقوں میں بھارت مخالف احتجاج جاری ہے ۔ قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے ۔ ادھر سرینگر کی سڑکوں پر کشمیری نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچم لہرا دیا، پاکستان اور آزاد ی کے حق میں جبکہ بھارت کیخلاف نعرے لگا ئے اور قومی ترانہ پڑھ کر پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔