لاہور(سپورٹس رپورٹر ) کستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 349 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کو چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ۔بابر اعظم اور امام الحق کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے اب تک کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کی ۔ٹاس کے فاتح بابر اعظم کی دعوت پر آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے ۔ جس میں بین میکڈرمٹ نے 104 رنز کی اننگز کھیلی ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مقررہ ہدف49اوور میں4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ اوپنرفخر زمان 67 ،امام الحق 106 اور بابر اعظم 114 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ سیریز کا تیسرا فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم نے اپنی سنچری کے ساتھ کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کئے وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 15 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ۔ انہوں نے اس ریکارڈ کیلئے 83 اننگز کا سہارا لیا۔ سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ہاشم آملہ کے پاس تھا ۔ انہوں نے 86 اننگز میں 15 سنچریاں بنائیں ۔بابر ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں ان کی بطور کپتان چوتھی سنچری تھی۔ان سے قبل کپتان اظہر علی نے 3 سنچریاں بنائیں۔بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل آسٹریلیا کیخلاف کسی پاکستانی کپتان کا سب سے بڑا سکور 82 رنز تھا جو عمران خان نے 1990 میں بنایا تھا۔دوسری جانب بابر اعظم اپنی اس سنچری کے بدولت پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ مایہ ناز بلے باز سعید انور کا ہے ، انہوں نے 20 مرتبہ سو یا اس سے زائد رنز بنائے ۔بابر اعظم کے ساتھ ساتھ محمد یوسف 15 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔دوسری طرف قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ کے بعد ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی ۔اس طرح کی کامیابی سے اعتماد ملتا ہے ۔بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ آسٹریلوی بیٹر بین میکڈرمٹ نے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں نے پوری اننگز میں بہترین بلے بازی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ میکڈرمٹ نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں کھیل کر بہت اچھا لگا۔ یہاں سنچری سکور کی جس کی خوشی ہے ، میرے والد کریگ میکڈرمٹ بہت خوش ہوں گے ۔