لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ، نیشنل انڈر 15فٹبال چیمپئن شپ سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں، اس سے قبل سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب انڈر 15بوائز کپ بھی کرایا جس سے کئی پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے پنجاب سٹیڈیم میں نیشنل انڈر 15فٹبال چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز عمرفاروق ،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمدیارخان لودھی ، پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر، قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ جے اے نوگیرا بھی موجود تھے ۔ عامرجان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے ، گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ نکالنے کیلئے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ سے پنجاب تک مختلف گیمز کی چیمپئن شپ منعقد کروائی جائیں گی ، نیشنل انڈر 15فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد پر اس کے منتظمین کو مبارک باد دیتا ہوں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب تمام ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر سپورٹس کی ترقی کیلئے اقدامات کرتارہے گا۔