اسلام آباد ،پشاور(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے تین سال قوم کو موجودہ سلیکٹڈ حکومت کے عزائم ، ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ کیا، آج ہماری مسلسل جدو جہد کی وجہ سے اداروں کو پی ٹی آئی سے ذرا سا ہاتھ کھینچنا پڑا۔ پشاور میں جے یو آئی خیبرپختونخوا کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی نے بین الاقوامی ایجنڈے پر عمل پیرا حکمرانوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے ، اگر مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو عوامی قوت کے ساتھ چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کرینگے ، غلط اعدادو شمار اور جھوٹ بول کر عوام کو تسلی دی جاری ہے ، ملک کو بیرونی ایجنڈے کے تحت چلایا جارہا ہے ،360 ارب کا منی بجٹ صرف آئی ایم ایف کی ایما پر پیش کیا گیا ہے اور 215 ارب روپے کی سبسڈی واپس لے لی گئی ہے ، 17 فیصد نیا ٹیکس لگا کر غریب عوام کو مزید تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے ۔ پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہاہے کہ کٹھ پتلی حکومت کی ناکام معاشی پالیسی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے ، پی ڈی ایم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے ۔