اسلام آباد (خبرنگار ) سپریم کورٹ میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے وکیل، سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی طبیعت دوران سماعت اچانک بگڑ گئی جس کی وجہ سے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا گیا ،وقفہ میں سپریم کورٹ کے ڈاکٹر یاسرنے اشتر اوصاف کا معائنہ کرکے فرسٹ ایڈ دی اور بعد ازاں ہسپتال منتقل کردیا گیا ، کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹرنیئر رضوی نے بتایا کہ اشتر اوصاف جنرل کیانی کے پاس ہی گئے ہونگے ، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ معلوم کرکے بتائیں اشتر اوصاف کو کس ہسپتال منتقل کیا گیا، نیئر رضوی نے کہاکہ میرے خیال سے آر آئی سی منتقل کیا گیا ہے ۔جسٹس عظمت سعید نے انہیں ہدایت کی کہ کنفرم کرکے بتائیں اشتر اوصاف کہاں ہیں اور کیسے ہیں؟آج کوئی اور کیس نہیں سنیں گے ۔ بعد ازاں عدالت نے اشتر اوصاف کی طبیعت بگڑنے کی وجہ سے کورٹ روم نمبر 2 کے تمام کیسز ملتوی کر دیئے ، اس طرح سابق وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف اور بیوروکریٹ فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کے لئے دائر نیب کی اپیلوں پر سماعت نہ ہوسکی ۔