کابل ( آن لائن،نیٹ نیوز ) افغان طالبان کے قطر آفس کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ بین الافغان امن مذاکرات کا نیا دور 28 اور 29 اکتوبر کو ہو گا۔ترجمان افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملا برادر کی سربراہی میں طالبان وفد کی افغانستان کیلئے چینی نمائندہ خصوصی اور قطر میں چینی سفیر ڈنگ ژان سے ملاقات ہوئی جس میں اگلے ہفتے بیجنگ میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات اور امن عمل پر بات چیت کی گئی۔بین الافغان امن مذاکرات کا دو روزہ اجلاس آئندہ ہفتے چین میں ہو گا۔ امن مذاکرات 28 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق افغان نائب صدر سرور دانش کی سربراہی میں 25 رکنی افغان وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا۔دو حہ مذاکرات کے بعد سے یہ طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات ہو گی۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ 25 اکتوبر کو ماسکو میں پاکستان، روس، امر یکہ اور چین کے درمیان افغان امن عمل کے سلسلے میں اہم میٹنگ ہو گی۔ ماسکو میں ہونے والی میٹنگ میں پاکستان کا کردار کلیدی ہو گا۔ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان وفد ملا برادر کی سربراہی میں چین کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کرے گا۔سہیل شاہین نے کہا کہ اجلاس میں تمام شرکاء انفرادی حیثیت میں شریک ہوں گے اور افغان مسئلے کے حل کے لیے ذاتی رائے دیں گے ، بیجنگ ملاقات ماسکو اور قطر کانفرنس کا تسلسل ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ آئندہ ہفتے ہونے والی اس ملاقات میں سرکردہ افغان دھڑوں اور شخصیات کو بھی چین مدعو کیا گیا ہے ۔ اس بات چیت کا اہتمام ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب افغانستان کے لیے امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد بھی اس ہفتے یورپ، نیٹو اور اقوام متحدہ کے اتحادی ملکوں سے مشاورت کے دورے پر ہیں۔