اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی؍92 نیوز رپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، داعش سے چھٹکارے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، دنیا کو ہر صورت افغان حکومت سے بات کرنی چاہئے ۔ گزشتہ روز غیرملکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہاکہ امریکہ کو افغانستان کی صورتحال سے دھچکا لگا، امریکہ کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان چاہتا ہے دنیا افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑے ، وہاں حالات کشیدہ ہوئے تو اثرات دور تک جائیں گے ، طالبان کو بھی صورتحال سنبھالنے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔عمران خان نے کہا نائن الیون کے بعد امریکی ڈرون حملوں میں نقصان سے ہمارے لوگ کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل ہوئے ، ٹی ٹی پی کو پاکستان سے دھکیل دیا ہے ، ہم کسی مسلح تنازع کا دوبارہ حصہ نہیں بنیں گے ، ہم ایسے گروہوں سے بات کررہے ہیں جو صلح چاہتے ہیں، جو نہیں مانیں گے ، انکے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے ، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور بھارت میں اقلیتوں سے جو کچھ ہورہا ہے ، ساری دنیا کے سامنے ہے ، اس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری بات نہیں کرتی؟ وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی اجازت ملنی چاہئے ۔وزیر اعظم نے کہا آزادی اظہاررائے کے نام پر مذہب کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، یہی اسلاموفوبیا ہے ، مغرب کی قیادت کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے لئے اقدامات کررہے ہیں، آئندہ ماہ لندن میں شیڈول ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کا سوچ رہا ہوں۔عمران خان نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا یکطرفہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کرنا مایوس کن قرار دیا اور کہا پاکستانی ٹیم نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا، ہمیں انگلینڈ سے امید تھی مگر انگلش بورڈ نے یکطرفہ طور پر فیصلہ کرکے مایوس کیا۔وزیراعظم نے کہا کرکٹ بورڈز اور کھلاڑیوں کے لئے پیسہ ترجیح ہے ، بھارتی کرکٹ بورڈ مضبوط اور امیر ہے ، اس لئے کوئی اس کے سامنے نہیں بولتا، دورہ نہ کرکے انگلینڈ اورنیوزی لینڈ نے مایوس کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے عشرہِ رحمت العالمین اور بارہ ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے کہ عشرہِ رحمت العالمین میں نوجوانوں اور بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو خصوصی اقتصادی زونز میں زمین کی فراہمی، بجلی اور گیس کے کنکشن کی دستیابی اور ٹیکس مراعات دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے معدنی ترقیاتی فریم ورک کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا معدنی ترقیاتی فریم ورک کے اہداف کو ان کی مختص کردہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے ،اس سلسلے میں جلد از جلد ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے ۔مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت کیلئے نامزد کردیا۔کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت یوم پاکستان کے موقع پر 2023 میں دیا جائے گا۔آئی جی سندھ نے بھی جمال کلہوڑو کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔ کانسٹیبل جمال کلہوڑو نے 17 اگست کو خیرپور ریلوے سٹیشن پر مسافر کی جان بچائی تھی۔دریں اثنا وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔