کابل،کوہاٹ(این این آئی) افغانستا ن میں عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ فائربندی کے اختتام کے بعد طالبان اور افغان فورسز کے مابین خونریز جھڑپوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے جہاں پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیا میں افغان فورسز نے طالبان کے ٹھکانے پر بمباری کرکے پانچ طالبان کو ہلاک اور درجنوں دیگر کو زخمی کرنے جبکہ جنوبی صوبہ ہلمند میں بھی طالبان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کاآغاز کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔دریں اثناء اتوار کے روز کابل جلال آباد شاہراہ پر نصب بارودی بم پھٹنے کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کا ایک اہلکارجاں بحق جبکہ دو دیگرزخمی ہوگئے ۔ادھر داعش نے افغان دارالحکومت کابل کے ضلع شکردرہ کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کردی ہے جس میں مسجد امام سمیت 14 نمازی شہید اور متعدد 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔۔سرحدپارسے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک افغان سرحد پرواقع قبائلی ضلع کرم سے متصل افغان صوبہ پکتیا کے ضلع ڈنڈہ و پٹھان کے علاقے درہ مقبل میں طالبان نے مبینہ طورپرگزشتہ شب افغان فروسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا جس کے جواب میں افغان فورسز نے اتوار کی صبح طالبان کے ٹھکانے پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں پانچ طالبان کو ہلاک اور درجنوں دیگر کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم طالبان نے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔