کراچی(این این آئی)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد کررہے ہیں تاکہ موجودہ گھمبیرمعاشی حالات میں انکے مسائل کم سے کم ہوسکیں لیکن فیڈریشن میں اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل ملک بھر کی کاروباری برادری کیلئے رکاوٹیں پیدا کررہا ہے ،ہم لڑائی جھگڑوں پر یقین نہیں رکھتے ،اس سال بھی ہم ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں اگر اپوزیشن کو شوق ہے تو وہ ہمارے گروپ کا مقابلہ کرلے اسے مسلسل چھٹی شکست ہوگی اور ہمارے امیدوارفیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن گروپ کو ایک بارپھرچھٹی کا دودھ یاد دلادیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ شب یو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیرطفیل اور اپنی جانب سے پاکستان بھر سے آئے ہوئے یو بی جی لیڈران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اوریونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کہا کہ ہم ڈیموکریسی کی پیداوار ہیں،ہم ڈرائنگ روم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ تمام تر فیصلے اپنے تمام ساتھیوں کے درمیان بیٹھ کر کرتے ہیں۔