تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں امریکی دستوں کی تعداد میں اضافہ امن کیلئے خطرہ ہے ،امریکی صدر خود بڑے دہشت گرد ہیں ،ایران ہزاروں سال سے قائم ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا عراق اور شام بھی ہمارے قدردان ہیں ،اقتصادی دہشتگرد ٹرمپ کے گھٹیا بیان نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ تو تاریخ کے بارے میں کچھ جانتے ہیں اور نہ ہی ایرانی قوم کو پہچانتے ہیں، ایران کے آرمی چیف کے نائب بریگیڈئیر جنرل حسن سیفی نے کہا ہے کہ تہران نے اپنی عسکری ٹیکنالوجی اور عسکری ثقافت یمن، فلسطین کے علاقے غزہ، افغانستان اور لبنان کو منتقل کردی ہے ۔ ایرانی سرکاری ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دینے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے شرمناک بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص دہشت گرد ہے تو وہ ٹرمپ ہیں جنھوں نے اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے ۔