واشنگٹن ،مقبوضہ بیت المقدس ( نیٹ نیوز ،این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر ٹرمپ کی موجودہ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امر یکہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی آبادکاری کی حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کے اس اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں سمجھتا۔ غربِ اردن کی حیثیت کا فیصلہ کرنا اسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر منحصر ہے ۔شام، مصر اور اردن نے اس امریکی اعلان کی شدید مذمت کی ہے ۔ شامی وزارت خارجہ نے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں پر نئی امریکی موقف کو غیرقانونی قرار دیا۔ مصر کے مطابق یہودی بستیاں بین الاقوامی قانون اور قراردادوں کے تناظر میں ناجائز اور غیرقانونی ہیں۔ اردن کی حکومت نے بھی امریکی پالیسی کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے آبادکاریوں سے متعلق امریکی موقف میں تبدیلی کا خیر مقدم کیا۔ ادھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی قائم کردہ یہودی بستیاں غیرقانونی ہیں ۔