پورٹ ایلزبتھ(سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقی ٹیم کے تجربہ کار اوپنر ہاشم آملہ نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 27ون ڈے سنچریاں سکور کرنے کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔آملہ نے 108رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 167ویں اننگز میں 27ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ،کوہلی نے 169اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا ،لیجنڈری بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکرنے 254اننگز کھیل کر27سنچریاں بنائی تھیں ۔ ،سابق آسٹریلیوی کپتان رکی پونٹنگ نے 308 اور سابق سر ی لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا نے 404اننگز کھیل کر27سنچریاں سکور کی تھیں۔ہاشم آملا زیادہ ون ڈے سنچریاں سکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ، اس فہرست میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر49سنچریوں کے ساتھ پہلے ، ویرات کوہلی39سنچریاں بنا کر دوسرے ،رکی پونٹنگ30سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور سر ی لنکا کے سنتھ جے سوریا 28سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں ۔ ہاشم آملہ بطور اوپنر زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے تیسر ے اوپننگ بلے باز بن گئے ہیں ، سچن ٹنڈولکر 45سنچریوں کے ساتھ پہلے اور سر ی لنکا کے سنتھ جے سوریا28سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ،ویسٹ انڈیز کے کرس گیل23سنچریاں بنا کر چوتھے ، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان21سنچریوں کے ساتھ پانچویں ،بھارت کے روہت شرما اور سابق پاکستانی اوپنر 20، 20سنچریاں بنا کرمشترکہ طور پر چھٹے اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی19سنچریاں بنا کر ساتویں نمبر پر موجود ہیں ۔