کوئٹہ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر) نگران وزیراعظم جسٹس ناصرالملک نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور دہشتگردی واقعہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا۔ بات چیت میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ ملک دشمن عناصر ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے انتخابی عمل کے دوران بدامنی اور خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم وفاقی اور صوبائی حکومت کسی قسم کی رکاوٹ پیدا ہونے نہیں دینگی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ امن وامان برقرا رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور یکیورٹی ادارے بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعہ دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد کوئٹہ کا دورہ کرکے سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔وزیراعظم نے بنوںحملے کی بھی مذمت کی۔ دریںاثنائنگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے انفارمیشن اور کمیونکیشن ٹیکنالوجیز کی ترقی ضروری ہے ، پاک چائنا آپٹیکل فائبر کیبل پراجیکٹ سے پاکستان کو زمینی کیبل سے رابطہ کاری کی سہولت ملے گی اور اس کا سمندری کیبل پر انحصار کم ہو گا ۔ وہ پاک چائنہ آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔