لاہور(سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ کیخلاف آج سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، پہلے ٹیسٹ سے وہاب ریاض کو باہر کر دیا گیا ہے ۔کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان کنڈیشنز دیکھ کر کریں گے ۔ سکواڈ میں تین اوپنرز عابد علی، امام الحق اور شان مسعود شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، نائب کپتان بابر اعظم، اسد شفیق،محمد رضوان ، سرفرازاحمد ،فواد عالم، یاسر شاہ، شاداب خان، کاشف بھٹی جبکہ فاسٹ باؤلرز میں محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ، سہیل خان شامل ہیں۔ دوسری ٹیم ذرائع کے مطابق فائل الیون میں کپتان اظہر علی، شان مسعود،عابد علی، اسد شفیق ،بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس، یاسر شاہ شامل ہوں گے ،۔ چوتھا فاسٹ باؤلر شامل کرنے کی صورت میں سہیل خان اور دوسرا سپنر شامل کرنے کی صورت میں شاداب خان شامل ہو سکتے ہیں۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے گزشتہ روزمانچسٹر سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان، مشتاق احمد اور مصباح الحق کی رہنمائی حاصل ہے لیکن وہ ہم پر فیصلے مسلط نہیں کرتے ۔ انگلینڈ میں فتح حاصل کرینگے ۔ ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ میری ذاتی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا،اس کا احساس ہے ، محنت کررہا ہوں اورامید ہے کہ اس اہم سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔