فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے زیراہتمام جشن آزادی انٹر ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں انڈر 19 گرلز کے مقابلوں میں جھنگ کی ٹیم نے ٹرافی جیت لی جبکہ فیصل آباد کی ٹیم رنرز اپ رہی ۔ اسی طرح انڈر 19بوائز کے مقابلوں میں فیصل آباد کی ٹیم فاتح رہی اور جھنگ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ انڈر 16 گرلز کے مقابلوں میں جھنگ پہلے اور چنیوٹ دوسرے نمبر جبکہ انڈر 16 بوائز میں فیصل آباد پہلے اور جھنگ دوسرے نمبر رہے ۔ تین روزہ یہ ٹورنامنٹ کریسنٹ سپورٹس کمپلیس میں کھیلا گیا جس کی تقسیم انعامات کی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی ‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر چوہدری ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جھنگ الطاف حسین کے علاوہ عامر اسلام ‘ انیس الرحمان ‘ ڈاکٹر اظہارالحق ‘ عطائالرحمن اور دیگر بھی اس موقع پرموجود تھے ۔