اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ربیع کی فصل کیلئے وزیر اعظم کے پیکیج کی منظوری دیدی ہے ،پیکیج کے تحت کھادوں جن میں ڈی اے ، فاسفیٹ اور پوٹاشیم شامل ہیں کے ہر 50 کلوگرام بوری پر 1000 روپے کی اعانت (سبسڈی) فراہم کی جائے گی، وفاقی اورصوبائی حکومتیں 70 اور 30 فیصد کی حصہ داری کی بنیادپرسبسڈی د یں گی،جڑی بوٹیوں کی تلفی کے ضمن میں کیمیکلز کی مد میں فی ایکڑ250 روپے اورکیڑے مارادویات کی مد میں 150 روپے کی اعانت فراہم کی جا ئیگی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کاخصوصی اجلاس جمعرات کو یہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ منظور کئے گئے پیکیج کے تحت صوبے پہلے سے مرتب کردہ طریقہ کارکے تحت سبسڈیز د ینگے تاہم اس میں شفافیت کویقینی بنایا جائیگا۔وفاقی وزارت خزانہ زراعانت کے فنڈز صوبوں کو ان کے حصہ اورنظام کی مضبوطی ومجموعی پہنچ کے تناظرمیں براہ راست فراہم کرے گی۔وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق صوبوں کی جانب سے طلب کردہ فنڈز کا جائزہ لے گی اورسفارشات مرتب کرنے کے بعد وزارت خزانہ یہ فنڈز منتقل کرے گی ۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے سبسڈی تقسیم کرنے کے نظام کووسیع اوربہتر بنا ئینگے ۔یہ پیکیج منظوری کیلئے آئندہ منگل کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جا ئیگا۔