اسلام آباد، راولپنڈی(خبر نگار، اپنے رپورٹر سے )سپریم کورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر تے ہوئے فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں ٹرائل کورٹ کو سماعت مکمل کرکے 21 تک جولائی کوایفی ڈرین کیس میں فیصلہ صادر کرنے کا حکم دیا تھا۔حنیف عباسی نے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی تھی ۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، حنیف عباسی کے وکیل کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار ہائی کورٹ کے فیصلے سے متفق نہیں جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ متفقہ حکمنامہ میں مداخلت نہیں کر سکتے ، حنیف عباسی خود تاریخیں لیتے رہے ہیں، جسٹس عظمت سعید نے کہا ہائی کورٹ نے آپ کی رضا مندی سے حکم نامہ جاری کیا۔عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے حنیف عباسی اور ان کے بھائی باسط عباسی سمیت8ملزمان کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں اے این ایف کی جانب سے استغاثہ کے اہم گواہ و ایفی ڈرین کیس کے تفتیشی کو دوبارہ گواہ عدالت میں طلب کرنے سے متعلق دائر درخواست خارج کر تے ہوئے اے این ایف کے پراسیکیوٹر کو دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ غیر مصدقہ ریکارڈ بطور شہادت مقدمے میں شامل نہیں ہو گا۔