لاہور، صوابی ( اپنے رپورٹر سے ، نمائندہ 92نیوز) اتوار کے روز بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، صوابی کے علاقے جھنڈا میں بوسیدہ مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک خاتون جاں بحق اور دوسری شدید زخمی ہو گئی، دو بہنیں ایک ہی مکان میں رہائش پذیر تھیں،مکان کا کمرہ حالیہ بارشوں سے بوسیدہ ہو گیا تھا اور اچانک کمرے کی چھت گر گئی ،دونوں بہنیں ملبے تلے دب گئیں ، مقامی لوگوں نے ملبہ ہٹاکر دونوں کو نکالا ، 46 سالہ ایک بہن جاں بحق اور دوسری زخمی ہوگئی جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔