دبئی(سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ میں ہانگ کانگ نے بھارت کے اوسان خطا کر دیئے تا ہم شاندار اوپننگ سٹینڈ کے بعد بھی میچ میں کامیابی نہ سمیٹ سکی اور اسے 26 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانیوالے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی بھارتی ٹیم پہلی باری میں اوپنر شیکھر دھون کے 127 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں7 وکٹوں پر 285 رنز بنا سکی ۔ کنچت شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں ہانگ کانگ ٹیم کے اوپنر ز نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 174 رنز کا سٹینڈ دیا اور پہلی وکٹ 34.1 اوورز میں گری جب انوشمان راتھ 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستان کے ضلع اٹک میں پیدا ہونے والے نزاکت خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 رنز کی اننگز کھیلی وہ خلیل احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے ۔ احسان خان 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے اور ہانگ کانگ 8 وکٹوں پر 259 رنز بنا سکی ۔ بھارت کی طرف سے خلیل احمد نے تین جبکہ چاہل نے بھی تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ کلدیپ یادو نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔