مکرمی ! لاہور شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے بھی بین الاقوامی معیار کے پروگرامز جاری و ساری تھے جس کے لئے برادر ملک تر کی کی کمپنی کی خدمات بھی لی گئی تھیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا اک مربوط نظام کے تحت کام چل رہا تھا، عوام الناس کے لئے اپنے گلی محلہ اور مارکیٹوں کی صفائی ستھرائی کے مسائل تقریبا نہ ہونے کے برابر تھے۔مگر افسوس آج باغوں کا شہر لاہور گندگی کے ڈھیر میں بدل چکا ہے۔سوشل میڈیا پر اک بہت ہی تکلیف دہ فوٹو وائرل ہورہی ہے، جس میں پرانے اور نئے لاہور شہر کی عکاسی ہو رہی ہے۔لاہور کی اک سڑک پر اوپراورنج میٹرو ٹرین کا ٹریک نظر آرہا ہے اور اسی ٹریک کے نیچے کوڑا کرکٹ کا ڈھیر لگا ہوا نظر آرہا ہے۔پچھلے دنوں اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنے کا موقع ملا۔ جہاں پر دل خوشی سے لڈیاں بھی ڈال رہا تھا کہ بین الاقوامی معیار کی انتہائی سستی سواری پر سفر کرنے کا موقع مل رہا ھے، وہیں پر صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر دل انتہائی رنجیدہ بھی تھا۔ حالت تو یہ تھی کہ پلیٹ فارم پر مٹی کی تہ جمعی ہوئی تھی۔ میری ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ لاہور میں صفائی کا مناسب انظام کیا جائے۔ (محمد ریاض لاہور)