کراچی( کامرس رپورٹر) اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے نئی سفری ہدایات کے تحت سیاحوں، کاروباری حضرات اور پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کے ملک کے مختلف حصوں میں سفر کرنے کی پابندیوں میں نرمی کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ او آئی سی سی آئی کے جنرل سیکریٹری عبد العلیم نے پاکستان کے لئے برطانیہ کی حالیہ سفری ہدایات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ برطانیہ کی حالیہ سفری ہدایات کی اپ گریڈیشن دراصل برطانیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے ماحول کو بہتربنانے اورلاء اینڈ آرڈر کے چیلنجوں سے نمٹنے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کیلئے حکومت کے عملی اقدامات اور سیکیوریٹی ایجنسیزکے کردار کی عملی تعریف ہے ۔