پشاور (نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اعصابی طور پر شکست کھا چکی، بلے ، شیر اور تیر کا دور ختم ہو گیا اب ترازو پر انصاف ہوگا، کے پی کے عوام تیار رہیں، جس پولنگ سٹیشن پر دھاندلی ہو گی وہیں دھرنا دیں گے ،19دسمبر کو صوبے کے عوام ترازو پر مہر لگا کر حکومتی مظالم کا بدلہ لیں گے ، اتوارکا دن پی ٹی آئی کا صوبے میں الوداع کا دن ہوگا ،بتایا جائے کہ آٹا، چینی، گھی، گیس تو مقامی پیداوار ہیں، ان کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں، کرپشن کی وجہ سے ملک میں برکت ختم ہو گئی، بجلی اور گیس کے جعلی فراڈ بلز عوام کو بھیجے جاتے ہیں ، ہر دن ایک نیا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے ، آزمائے ہوئے حکمران پھر قوم سے "موقع" مانگ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انوں نے پشاور میں تحصیل چیئرمین کے امیدوار سردار عالم خان کے واحدگھڑی اور مقصود آباد میں ہونے والے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں گیس اور بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، ایک وفاقی وزیرکہہ رہے ہیں ملک میں گیس ختم ہوگئی، دوسرے فرماتے ہیں کہ عوام چینی کے کم دانے چائے میں ڈالیں،حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ملک میں سب کچھ ہیں، بس آپ جانے کی تیاری کرلیں، ان شا اللہ گیس بھی ہوگی، چینی بھی ہوگی اور ملک بھی ترقی کرے گا، موقع ملا تو عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں گے ، ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے ۔