سرینگر(نیوزایجنسیا ں)بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے سی ایم آر آئی ٹی کالج میں ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروپ نے سول انجینئرنگ کے کشمیری طالبعلم پر حملہ کرکے اس کو شدید زخمی کردیاہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے تعلق رکھنے والے 24سالہ طالبعلم ابصار ظہور ڈار کے ہاتھوں، سر اور چہرے پر زخم لگے ۔ابصارظہورنے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان پر حملہ کیوں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ جم گئے ہوئے تھے اور ایک کافی شاپ پر کافی پی رہے تھے کہ چار افراد پر مشتمل ایک گروپ آیا اور اس پر حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے لوہے کے راڈاٹھا رکھے تھے ۔وہ مجھے گھسیٹ کر دکان سے باہرکھینچ لائے اور بغیر کسی وجہ سے مجھ پر تشدد کرنا شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگرمیرے دوست میری مدد کو نہ آتے تو وہ مجھے قتل کردیتے ۔ابصار ظہور کے مطابق دوستوں نے انہیں فوری ہسپتال پہنچایا ۔انہوں نے کہاکہ وہ مسلسل خوف میں مبتلا ہیں اور کلاسوں میں بھی نہیں جارہے کیونکہ چاروں ملزموں کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور وہ میری رہائش کے سامنے آزاد گھوم رہے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ۔